17/08/2026
🚨نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن وہاڑی کی ایک ہفتے کے دوران تین بڑی کارروائیاں🚭
نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن وہاڑی نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ڈرگ فری پنجاب ویژن اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران تین بڑی کامیاب کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر ایک من پانچ کلو گرام افیون و چرس برآمد کرکے چار منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
خفیہ اطلاعات پر ڈپٹی ڈائریکٹر میجر (ر) محمد نوید اسلام اور نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن وہاڑی کے انچارج محمد خورشید خان نے اسٹرائیک ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ کار، بس اور موٹر سائیکل کو روک کر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تلاشی لی، جس کے نتیجے میں ایک من پانچ کلو گرام افیون و چرس برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً اکیاسی لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد سلمان ولد صابر حسین، محمد اسد ولد نذیر احمد، غلام مصطفیٰ ولد بشیر احمد اور امیر عبداللہ خان ولد ایمان اللہ خان کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کو موقع پر گرفتار کرکے منشیات، کار اور موٹر سائیکل تحویل میں لے لی گئی۔
ملزمان کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس وہاڑی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ صوبے سے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔